لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں ضمانت منظور کرلی
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں ضمانت دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق، اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے تھانہ شادمان میں درج جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کی۔ عدالت نے یہ فیصلہ گزشتہ روز وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا تھا۔شاہ محمود قریشی پر الزام ہے کہ وہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں مبینہ طور پر اشتعال انگیزی اور حملوں میں ملوث تھے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کی ضمانت ابھی صرف ایک مقدمے میں منظور کی گئی ہے، جبکہ ان کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق دیگر 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں زیرِ سماعت ہیں، جن پر آئندہ سماعتوں میں فیصلے متوقع ہیں۔واضح رہے کہ 9 مئی کو ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کے بعد متعدد پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی اور بغاوت کے مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں شاہ محمود قریشی بھی شامل ہیں۔