پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کا اسپیکر پر مائیک توڑنے کا الزام، ملک محمد احمد خان کا سخت ردعمل

پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کا اسپیکر پر مائیک توڑنے کا الزام، ملک محمد احمد خان کا سخت ردعمل

ویب ڈیسک: گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران ماحول کشیدہ رہا، اپوزیشن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان پر مائیک توڑنے کا الزام عائد کر دیا، جبکہ جنوبی پنجاب کی محرومی پر پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اجلاس اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا تو اپوزیشن ارکان نے حکومت مخالف نعرے بازی شروع کر دی۔ ایوان میں شور شرابے اور تلخ جملوں کے تبادلے کے دوران اپوزیشن نے اسپیکر پر الزام لگایا کہ انہوں نے خود مائیک توڑا۔ اس الزام پر اسپیکر برہم ہو گئے اور کہا کہ معاملے کی انکوائری کروائیں گے، اگر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی سے مائیک ٹوٹا تو ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر نے ایوان میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ "احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، آپ ہمیں روک نہیں سکتے۔ ہم نے بار بار اعجاز شفیع کے معاملے میں سی سی ٹی وی فوٹیج نکالنے کا مطالبہ کیا، لیکن آپ نے نظر انداز کیا۔"

وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے بھی اپوزیشن میں رہ کر احتجاج کیا، لیکن کبھی اس حد تک ماحول خراب نہیں کیا۔"دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن علی حیدر گیلانی نے بجٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "جنوبی پنجاب کو بجٹ میں نظر انداز کیا گیا ہے، اس ناانصافی پر کمیٹی قائم کی جائے، بصورت دیگر الگ صوبے کے مطالبے کی تحریک کو مزید تقویت ملے گی۔"پنجاب اسمبلی کا اجلاس شور شرابے کے باعث ہفتہ 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔