ایرانی میزائل حملے نے تحقیق کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا: اسرائیلی سائنسدانوں کا اعتراف

 بعض تجربات جن میں ہم نے 6ماہ یا ایک سال کی محنت سے نمونے جمع کیے تھے، سب کچھ ضائع ہو چکا ہے 
تل ابیب (آئی این پی )اسرائیلی سائنسدانوں نے ایران کے میزائل حملے میں اسرائیل کے بڑے تحقیقی مرکز وائز مین انسٹیٹیوٹ کو پہنچنے والے نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی میزائل حملے نے ان کی تحقیق کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ بیان وائزمین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے سائنس دانوں کی جانب سے دیا گیا، جہاں اتوار 15جون کو ایرانی میزائل حملے میں 2عمارتوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، اور کئی تحقیقی لیبارٹریاں تباہ ہو گئیں۔ادارے کے نائب صدر برائے ترقی و ابلاغ روئی اوزری نے تصدیق کی ہے کہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا، جن میں سے دو عمارتوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔سائنس دان ایلاڈ تساحور نے کہاکہ اس نقصان سے بحالی میں کافی وقت لگے گا، بعض تجربات جن میں ہم نے 6ماہ یا ایک سال کی محنت سے نمونے جمع کیے تھے، سب کچھ ضائع ہو چکا ہے۔