سینئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتہ پرانی لاش گھر سے برآمد

 گھر میں اکیلے رہ رہی تھیں، بدبو پھیلنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس اوررشتہ داروں کو اطلاع دی
 عمر 77برس تھی،پی ٹی وی کے سپرہٹ ڈراموں میں افشاں، عروسہ، فیملی 93، مہندی میں کام کیا
عائشہ خان کئی سال سے ڈراموں سے دور تھیں، مرحومہ اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں
کراچی (آئی این پی) کراچی میں فلیٹ سے  ٹی وی کی سینئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق  کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں رہائشی فلیٹ سے ملنے والی لاش  سینئر  اداکارہ عائشہ خان کی ہے، پولیس نے تصدیق کردی۔پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ عائشہ خان کی لاش ایک ہفتہ پرانی ہے، خاتون گھر میں اکیلے رہ رہی تھیں۔گھر سے بدبو پھیلنے پر علاقہ مکینوں نے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔اداکارہ عائشہ خان کی لاش جناح ہسپتال سے سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے منتقل کردی گئی ۔واضح رہے کہ گذشتہ روز اداکارہ عائشہ خان کی دوست تہمینہ خالد نے عائشہ خان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔اداکارہ عائشہ خان کی عمر 77برس تھی،انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی ۔ان کے مشہور ڈراموں میں افشاں، عروسہ، فیملی 93، مہندی شامل ہیں۔عائشہ خان گزشتہ کئی سالوں سے ڈراموں سے دور تھیں۔ وہ اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔