فرانس کو شکست‘پاکستان نیشنز ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

سیمی فائنل تین تین گول سے برابررہا‘پاکستان نے فرانس کو  پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے میں 2-3 سے شکست دی‘آج  فائنل ہوگا
 یقین ہے  ٹیم فائنل میں بھی اسی جذبے سے کامیابی  حاصل کرے گی:آصف زرداری‘قومی ٹیم کھویا مقام دوبارہ حاصل کرے گی:شہبازشریف

کوالالمپور‘اسلام آباد(آن لائن )نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری نیشنز کپ کے پہلے سیمی فائنل کے پہلے کواٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔دوسرے کواٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے گول اسکور کرکے پاکستان پر 0-1 برتری حاصل کی۔تیسرے کواٹر کے 5ویں منٹ میں فرانسیسی پلئیر نے گول داغ کر برتری 0-2 کردی تاہم 3 منٹ بعد رانا وحید اشرف نے گول کرکے میچ میں پاکستان کیلئے پہلا گول اسکور کیا۔بعدازاں تیسرے کواٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ کا اپنا دوسرا گول اسکور کرکے میچ 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔تاہم چوتھے کواٹر کے اختتام لمحات میں فرانس کی جانب سے شارلٹ وکٹر نے گول داغ کر ایک مرتبہ پھر میچ 3-3 سے برابر کردیا۔دوسرے سیمی فائنل میں کوریا کو نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔فرانس کی عالمی درجہ بندی میں 9 ویں پوزیشن ہے جبکہ اسی ٹورنامنٹ میں 2 درجے ترقی پانے کے بعد پاکستان کا 13واں نمبر ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف  نے فرانس کے خلاف فتح پر پاکستانی ہاکی ٹیم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا  اور مبارکبادی‘ انہوں نے کہا  قومی ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور دل جیت لئے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ  میری دعاء  ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم  فائنل میچ میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑے  ہیں  امید ہے  جلد ہی ہم ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی قومی ہاکی ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے ۔  انہوں نے کہا   یہ فتح قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے  ہاکی ٹیم کی صلاحیت، عزم اور محنت قابلِ تحسین ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ ٹیم فائنل میں بھی اسی جذبے سے کامیابی  حاصل کرے گی ۔