کازان (سپورٹس ڈیسک) روس کے شہر کازان میں جاری نیشنز کپ 2026 ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان قومی وائٹ ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں بیلاروس انڈر 21 کو 1-4 سے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی ہے، جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پاکستان وائٹ اور بیلاروس سینئر کی ٹیم کے درمیان مقابلہ 4-4 سے ڈرا رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان وائٹ نے بیلاروس انڈر 21 کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے ایک ایک گول اسکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔