دوسری شادی میری قسمت میں ہی نہیں تھی:ادکارہ حنا دلپذیر

 خاندان میرے لیے ہمیشہ اہم رہا، لیکن ہر شخص کی قسمت میں روایتی خاندانی زندگی نہیں لکھی ہوتی:پوڈ کاسٹ میں گفتگو
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ حنا دلپذیر کا کہنا ہے کہ میں دوسری شادی کے خلاف نہیں تھی لیکن یہ میری قسمت میں نہیں تھی۔حال ہی میں حنا دلپذیر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری 24سال کی عمر میں طلاق ہو گئی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ میرے نزدیک گھر اور خاندان کی بہت اہمیت ہے، لیکن اگر 2افراد ایک ساتھ خوش گوار زندگی نہیں گزار سکتے تو بہتر ہے کہ وہ باہمی احترام کے ساتھ علیحدگی اختیار کر لیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ خاندان میرے لیے ہمیشہ اہم رہا، لیکن ہر شخص کی قسمت میں روایتی خاندانی زندگی نہیں لکھی ہوتی۔ان کا کہنا ہے کہ میں دوبارہ شادی کے خلاف کبھی نہیں رہی لیکن دوبارہ شادی میری قسمت میں نہیں تھی، انسان کو خود ترسی کا شکار ہونے کے بجائے اپنے حالات کو حوصلے اور وقار کے ساتھ قبول کرنا چاہیے۔حنا دلپذیر نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میں نے بطور سنگل مدر اپنے بیٹے کی پرورش کی، جو اب خوش گوار ازدواجی زندگی گزار رہا ہے۔