وزیراعظم نے پارٹی قائد کو صدرزرداری سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا،رہنمائوں کا بلوچستان اور کے پی میں دہشتگردی کے خاتمے پر پاک افواج کو خراج تحسین

شریف فیملی کی مری میں اہم بیٹھک، ملکی و سیاسی امور پر مشاورت اتحادیوں کو آن بورڈ ، آراء کو مقدم رکھا جائے: نواز شریف

سیلاب سے متاثرہ غریب عوام کا جانی مالی نقصانات کا سروے کرا کے انہیں معقول معاوضہ دیا جائے، آئندہ سال قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ایک جامع و ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے،قائد مسلم لیگ (ن) کی ہدایت
وزیراعظم شہبازشریف نے وفاق اور کے پی میں فضل الرحمن کیساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کے لیے رابطوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ، مریم نواز نے صوبے میں سیلاب کی تباہ کاریوں ،امن امان کے قیام اور مہنگائی کے خاتمے پر اقدامات سے آگاہ کیا
مری (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈونگہ گلی میںمسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی و سیاسی امور تفصیلی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد کو صدر آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، پارلیمنٹ سے مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر قانون سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، نئے چیئرمین الیکشن کمیشن کے نام پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نے نواز شریف کو مجوزہ آئینی پیکج کی بعض شقوں پر پیپلز پارٹی کی طرف سے تحفظات سمیت وفاق اور کے پی میں مولانا فضل الرحمن کیساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کے لیے رابطوں، ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پارٹی قائد کو صوبے میں سیلاب کی تباہ کاریوں ،امن امان کے قیام اور مہنگائی کے خاتمے پر اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر قائد نواز شریف نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاسی انتظامی و آئینی معاملات میں اتحادیوں کو آن بورڈ اور ان کی آراء کو مقدم رکھا جائے، سیلاب سے متاثرہ غریب عوام کا جانی مالی نقصانات کا سروے کرا کے انہیں معقول معاوضہ دیا جائے اور آئندہ سال قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ایک جامع و ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔دونوں رہنماؤں نے بلوچستان اور کے پی میں دہشتگردی کے خاتمے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔