پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل وزیر کی والدہ انتقال کر گئیں

پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل وزیر کی والدہ انتقال کر گئیں

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما زرتاج گل وزیر کی والدہ بقضائے الٰہی انتقال کر گئیں۔

 خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ طویل عرصے سے علیل تھیں اور آج اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے زرتاج گل وزیر اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی ہے۔مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج شام 5 بجے ان کے آبائی علاقے بنوں، ڈومیل (بائیخیل) کوٹکا خویداد خان میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی شخصیات، اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق زرتاج گل وزیر کی والدہ ایک نیک سیرت، باوقار اور سادہ مزاج خاتون تھیں، جنہوں نے ہمیشہ صبر، شکر اور خدمتِ خلق کو اپنی زندگی کا شعار بنائے رکھا۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔