لندن(سپورٹس ڈیسک) سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے مضبوط امیدوار قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر مائیکل وان نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت سکتا ہے، اس کے پاس کھلاڑیوں کا مضبوط گروپ ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی ابھی بھارت کے خلاف سیریز جاری ہے جس میں کیوی ٹیم نے بھارتی میدان میں میزبان ٹیم کے خلاف 2-1 سے ون ڈے سیریز اپنے نام کی اور اب کل سے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ناگپور میں ہوگا۔ یادرہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری ہورہا ہے جس میں نیوزی لینڈ ٹیم گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے گی۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلد کپ کے لیے نیوزی لینڈ نے اسکواڈ کا اعلان بھی کردیا ہے۔اگلے ماہ بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں میچل سینٹنر کی قیادت میں فن الین، مائکل بریسول، مارک چیمپمن، ڈیون کانوے اور جیکب ڈفی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں لوکی فرگاسن، میٹ ہینری، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، جیمی نیشم، گلین فلپس، رچن رویندرا، وکٹ کیپر بیٹر ٹم سیفرٹ اور اش سودھی شامل ہیں۔