لاہور:بیوی اور بیٹی کو کلہاڑی سے قتل کرنے والے مجرم ظفر اقبال کی پھانسی کی سزا کے خلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ میں مسترد کر دی گئی۔
عدالت نے دہرے قتل کے مجرم کی سزائے موت کی اپیل کی سماعت جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے ذریعے کی۔دورانِ سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب ہمایوں سلیم نے عدالت کو بتایا کہ مجرم نے اپنی بیوی اور 11 سالہ سوتیلی بیٹی کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا، اور اپنے سوتیلے بیٹے علی رضا اور بیٹی امیر فاطمہ کو شدید زخمی بھی کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج نے 2021 میں مجرم کو 2 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔
مجرم کے وکیل نے عدالت میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ مجرم کے خلاف پیش کی گئی میڈیکل کی تاریخ درست نہیں ہے اور سزا معطل کی جائے۔ تاہم، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ مجرم نے 18 اکتوبر 2018 کو پھلروان سرگودھا میں اس وحشیانہ جرم کا ارتکاب کیا اور وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔عدالت نے مجرم کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ مجرم کو سزا پر عمل درآمد کیا جائے گا۔