ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: سپر ایٹ مرحلے کے آغاز پر گوگل کا خاص ڈوڈل جاری

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: سپر ایٹ مرحلے کے آغاز پر گوگل کا خاص ڈوڈل جاری

گوگل نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے آغاز پر ایک خاص ڈوڈل جاری کیا ہے، جس نے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

 یہ ڈوڈل شوخ اور دلکش رنگوں اور نمایاں اشکال کے ساتھ تھری ڈی انداز میں تیار کیا گیا ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جذبے، رفتار اور سنسنی کو خوبصورتی سے ظاہر کرتا ہے۔ایونٹ کا سپر ایٹ مرحلہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلے سے شروع ہوگا، جس میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ مقابلہ کرکٹ تاریخ کے سب سے سخت اور دلچسپ مقابلوں میں سے ایک تصور کیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی مرحلے میں ہی کئی سنسنی خیز اور ناقابل یقین میچز دیکھنے کو ملے ہیں۔ نیدرلینڈز اور امریکا نے پاکستان اور بھارت جیسی بڑی ٹیموں کو مشکل میں ڈال دیا، جبکہ انگلش ٹیم بھی کچھ ٹیموں کے خلاف لڑکھڑاتی نظر آئی۔آسٹریلوی ٹیم نے سری لنکا اور زمبابوے سے شکست کھائی اور ایونٹ سے باہر ہوگئی، جبکہ پہلی بار ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے والی اٹلی نے اپنی پہلی فتح حاصل کی۔ زمبابوین ٹیم گروپ مرحلے میں آسٹریلیا، سری لنکا اور عمان کے خلاف ناقابل شکست رہی، مگر آئرلینڈ کے مقابلے میں بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو گیا۔

سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون میں بھارت، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں، جبکہ گروپ ٹو میں پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گروپ ون میں شامل تمام چار ٹیمیں اب تک ناقابل شکست رہی ہیں۔ دونوں گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کریں گی، جن کے میچز 4 اور 5 مارچ کو ہوں گے، اور فائنل 8 مارچ کو کسی بھی مقام (احمد آباد یا کولمبو) میں کھیلا جائے گا۔یہ ایونٹ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلہ ثابت ہونے کا یقین ہے۔