پاکستان میں غربت بڑھ کر 28اعشاریہ8 فیصدہو گئی:اعدادوشمار

آئی ایم ایف مشن کی آمد سے عین قبل غربت باریتشویشناک اعداد و شمار سامنے آگئے 
19-2018 میں غربت 21اعشاریہ9 فیصد ، 6سالوں میں 6اعشاریہ9 فیصد بڑھی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ایم ایف مشن کی آمد سے قبل بڑا انکشاف سامنے آیا ہے ، پاکستان میں غربت بڑھ کر 28اعشاریہ8 فیصد ہو گئی ۔ آئی ایم ایف جائزہ مشن کی آمد سے عین قبل پاکستان میں غربت کے حوالے سے تشویشناک اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں، تازہ ترین تخمینوں کے مطابق گزشتہ 6 سالوں کے دوران ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا اور مالی سال 25-2024 میں پاکستان کی 28اعشاریہ8 فیصد آبادی غربت کے بے رحم شکنجے میں جکڑی ہوئی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 19-2018 میں غربت کی شرح21 اعشاریہ 9 فیصد تھی لیکن گزشتہ 6 سالوں کے دوران اس میں تقریباً 6اعشاریہ 9 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔25-2024 کے حالیہ سروے پر مبنی تخمینوں کے مطابق اب ملک میں غربت کی شرح 28اعشاریہ8 فیصد تک پہنچ چکی،صوبائی سطح پر بھی پنجاب اور سندھ خاص طور پر شدید متاثر ہوئے ۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ گزشتہ 6 سالوں میں آئی ایم ایف کے تین استحکام پروگرامز کوویڈ 19 کے اثرات، اجناس کے سپر سائیکلز، مہنگائی میں اضافہ، کم جی ڈی پی ترقی کی شرحیں، دو شدید سیلاب اور گندم کی سپورٹ قیمتوں کو ترک کرنا جیسے مختلف عوامل کی وجہ سے پاکستان میں غربت کی سطح میں شدید اضافہ ہوا۔