آج کے دن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہر شہری کو مساوی مواقع اور انصاف تک مکمل رسائی حاصل ہو
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ہر شہری کو مساوی مواقع اور انصاف تک مکمل رسائی حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں افراد روزانہ کی بنیاد پر معاشرتی اور اقتصادی معاونت کے محتاج ہیں، ایسے میں ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور اور پسماندہ طبقات کو سہارا فراہم کرے۔ شیری رحمان کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خاندانوں کو مالی مدد فراہم کر کے ان کی زندگیوں میں مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام نہ صرف غربت میں کمی کا باعث بن رہا ہے بلکہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر کمزور طبقات کو تعلیم، صحت اور خوراک تک آسان رسائی بھی فراہم کر رہا ہے۔