مجرمان کی گرفتاریوں کے لئے سپیشل ٹیمیں متحرک :ڈی آئی جی محمد فیصل کامران
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کا جیل میں ہونا ہی محفوظ معاشرے کی ضمانت ہے۔اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے بغیر سنگین جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ مجرم جیل میں ہوگاتو جرائم میں کمی اور شہر لاہور محفوظ ہو۔ لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی اشتہاریوں مجرمان و ملزمان کے خلاف کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ صوبائی دارلحکومت لاہورمیں امن و امان کے قیام کیلئے ریکارڈ یافتگان و اشتہاری مجرمان و ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔رواں ماہ ابتک نقص امن کا سبب بننے والے مجموعی طور پر1003 اشتہاری وعادی مجرمان اور عدالتی مفروران گرفتارکئے گئے۔مختلف کارروائیوں کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث143 ریکارڈ یافتگان،518 اشتہاری ملزمان جبکہ342عدالتی مفرور ان کو حراست میں لیا گیا۔دیگر اضلاع میں ریڈ کے دوران26اشتہاریوں کوبھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس نقص امن کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔تھانوں کی سطح پر بھی مجرمان و مفروران کی گرفتاریوں کے لئے سپیشل ٹیمیں متحرک ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا ہے کہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت شہری اپنے ارگرد نظر رکھ کر اپنا سماجی فرض نبھائیں۔جرائم پیشہ و مطلوب افراد کی اطلاع دے کر پولیس کی مدد کریں۔