اسکوئیڈ گیمز کے پنک سولجرز سعودی عرب میں پروموشنل دورے پر

اسکوئیڈ گیمز کے پنک سولجرز سعودی عرب میں پروموشنل دورے پر

نیٹ فلکس کی مشہور سیریز ’’اسکوئیڈ گیمز‘‘ کے دوسرے سیزن کی ریلیز 26 دسمبر کو متوقع ہے، اور اس سے قبل اس کے پروموشنل دورے نے سعودی عرب میں خاصی ہلچل مچادی ہے۔

 ’’پنک سولجرز‘‘ کے روپ میں نظر آنے والے یہ کردار سعودی عرب کے مختلف شہروں میں پھیل کر اس سیریز کی تشہیر کر رہے ہیں۔ ’’اسکوئیڈ گیمز‘‘ کی کامیابی کے بعد اس کی آمد کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، اور اس کے پروموشنل ایونٹس نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔یہ پروموشنل دورہ سعودی عرب میں 11 دسمبر کو ’’البلد‘‘ کے علاقے سے شروع ہوا، جس کے بعد 12 دسمبر کو ’’العلا‘‘، 17 دسمبر کو ’’ابہا‘‘، 19 دسمبر کو ’’الخبر‘‘ اور 20 دسمبر کو ’’بولیوارڈ‘‘ میں یہ سلسلہ جاری رہا۔ ہر جگہ، ’’پنک سولجرز‘‘ کی موجودگی نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا اور ان کی ویڈیوز و تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

ریاض کے ’’یو واک مال‘‘ میں ’’اسکوئیڈ گیمز‘‘ کے مداحوں کو سیریز کی دنیا میں مفت شرکت کا موقع ملا۔ وہاں، مداحوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور ’’پنک سولجرز‘‘ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ اس منفرد تجربے نے ’’اسکوئیڈ گیمز‘‘ کے فینز کو خوشی سے بھر دیا اور سیریز کی ریلیز سے پہلے ایک زبردست پروموشن کا موقع فراہم کیا۔اس دوران سعودی عرب میں ’’پنک سولجرز‘‘ کے خوبصورت اور تشویش پیدا کرنے والے انداز نے لوگوں کی توجہ جلب کی، اور ان کی موجودگی نے اس سیریز کی شہرت اور پزیرائی میں مزید اضافہ کیا۔