کینٹ ڈویژن میں 5730،سول لائنزمیں 2384، سٹی میں 6458 اشتہاری مجرمان گرفتار کئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے رواں سال اب تک مختلف کارروائیوں میں 27ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان اور10ہزار 600سے زائد عادی مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ کینٹ ڈویژن میں 5730،سول لائنزمیں 2384، سٹی میں 6458، اقبال ٹاؤن میں 3545، صدرمیں 4379اورماڈل ٹاؤن میں 4520 اشتہاری مجرمان گرفتار کئے گئے ہیں۔اسی طرح کینٹ ڈویژن میں 1844،سول لائنزمیں 746، سٹی میں 3519، اقبال ٹاؤن میں 1634، صدرمیں 1664اورماڈل ٹاؤن میں 1219عادی مجرمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ اشتہاری اور عادی مجرمان کے خلاف کارروائیوں سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے سمارٹ آئی،ہوٹل آئی، کرایہ داری اندراج سمیت دیگر ایپلی کیشنز سے مدد لی جا رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کیلئے کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل افسران خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن جاری رکھیں۔انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی لاہور پولیس کا اولین مشن ہے۔