مجھے بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو میرے لیے باعث فخر ہے‘پہلی خاتون کرکٹ کوچ
کوئٹہ (آئی این پی)بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ خیرالنسا صوبے کی بیٹیوں کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں روایتی و ثقافتی رکاوٹیں توڑتے ہوئے خیرالنسا بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ بن کر ابھری ہیں۔خاتون کرکٹ کوچ خیرالنسا بلوچ نے کہا کہ مجھے بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو کہ میرے لیے باعث فخر ہے۔خیرالنسا بلوچ نے کہا کہ پاک فوج جس طرح خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آنے کے مواقع اور حوصلہ فراہم کر رہی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد بلوچستان کی باصلاحیت بیٹیوں کو قومی اورعالمی کرکٹ کے میدان تک پہنچانا ہے۔ بلوچستان کی بیٹیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف مواقع کی ضرورت ہے۔خیرالنسا بلوچ نے کہا کہ اگر میری تربیت سے اکیڈمی کی کوئی کھلاڑی قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرے تو یہ میری سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔کرکٹ اکیڈمی کی کھلاڑیوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہماری کوچ بہت اچھے طریقے سے ہماری تربیت کرتی ہیں اورہر کھلاڑی کی صلاحیتوں پرخصوصی توجہ دیتی ہیں۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کوچ خیرالنساکی نگرانی میں ہمیں کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے بہترین مواقع ملتے ہیں۔بلوچستان کی بیٹی خیرالنسا نے ثابت کیا ہے کہ عزم، محنت اور جستجو سے کوئی بھی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔