بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک تاریخی اور جذباتی تعلق موجود ہے ،فلم کی شوٹنگ پاکستان میں نہیں بلکہ مکمل طور پر بھارت میں ہوئی ہے
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے پاکستان سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ایسا بیان دیا ہے جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ اداکار نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک تاریخی اور جذباتی تعلق موجود ہے۔حال ہی میں سنی دیول اپنی نئی تاریخی فلم بٹوارا (1947) کی تشہیر میں مصروف ہیں، جس میں مبینہ طور پر 1947 کی پاک بھارت تقسیم کے تاریخی واقعات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ یہ فلم 14 اگست 2026 کو عالمی سطح پر ریلیز کی جائے گی، تاہم پاکستان میں اس کی نمائش نہیں ہوگی۔فلم کی تشہیری تقریب کے دوران ایک صحافی نے سنی دیول سے سوال کیا کہ کیا فلم کی شوٹنگ پاکستان میں ہوئی؟ اور وہ پاکستان، وہاں کے ماحول اور عوام کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟اس سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ پاکستان میں نہیں بلکہ مکمل طور پر بھارت میں ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے والد کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت میری ماں ہے تو پاکستان میری ماسی ہے، اس لیے ہم کسی نہ کسی طرح ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔