نواز شریف کو نجی نہیں سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ‘ہسپتال کے ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد وہ بیرون ملک گئے تھے،مذاکرات کی دعوت پر اپوزیشن کے جواب کا انتظار ہے
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو جیل سے شفا ہسپتال منتقل نہ کیا جا سکا جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے عمران خان کو جو ریلیف دیا گیا وہ قانون کے مطابق نہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دوبارہ دائر کی جارہی ہے، نظرثانی کی درخواست کے بعد جو بھی فیصلہ آئے گا اس پر عمل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپریم کورٹ نے جو ریلیف دیا وہ قانون کے مطابق نہیں ہے، میاں نواز شریف کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد بیرون ملک علاج کے لیے گئے تھے۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے ان کے جواب کا انتظار ہے۔