مودی کے افتتاح سے ایک دن قبل راجستھان ریفائنری میں شدید آگ لگنے کا واقعہ

مودی کے افتتاح سے ایک دن قبل راجستھان ریفائنری میں شدید آگ لگنے کا واقعہ

بھارت کی ریاست راجستھان میں واقع ایک اہم آئل ریفائنری میں افتتاح سے ایک روز قبل اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد منصوبے کے حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ ضلع بالوترا کے علاقے پچپدرا میں قائم ریفائنری کے CDU سیکشن میں لگی، جہاں خام تیل کو مختلف پیٹروکیمیکل مصنوعات میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد ریفائنری سے سیاہ دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔یہ ریفائنری ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن اور راجستھان حکومت کا مشترکہ منصوبہ ہے، جسے بھارت کا پہلا گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس قرار دیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد 2013 میں رکھا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں اس کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔افتتاح سے عین قبل پیش آنے والے اس واقعے نے نہ صرف تکنیکی تیاریوں بلکہ حفاظتی اقدامات پر بھی نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ حکام نے آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔