7افراد کیخلاف مقدمہ درج ،حملہ آوروں کے چہرے سب نے دیکھے:وزیرمملکت
ٹھٹھہ(خصوصی رپورٹ)وزیر مملکت برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی پر حملے کے الزام میں سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے صدر جلال شاہ کو گرفتار کر لیا گیا،پولیس نے مکلی میں جلال شاہ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا۔ کھیئل داس کوہستانی پر حملہ کرنے کے الزام میں پولیس کی مدعیت میں سید جلال شاہ، حیدر شورو، حکیم بروہی اور جاوید جا نوری سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں راستہ روکنے، ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے اور تذلیل کا نشانہ بنانے کی دفعات بھی شامل ہیں۔یاد رہے ایک روز قبل مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا،حملہ آوروں نے گاڑی پر پتھر برسائے اور ڈنڈے مارے تاہم کھیئل داس کوہستانی محفوظ رہے۔کھیئل دا س کامیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہناتھاکہ جن لوگوں نے حملہ کیا، ان کے جھنڈے اور چہرے سامنے تھے جو سب نے دیکھے، اس حملے کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ بھی ہوا ہے، یہ پتا لگا ہے کہ کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔