مخالفین کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

کھچی والا (خصوصی رپورٹ) کھچی والا کے نواحی گائوں چک نمبر 171 سیون آر میں سابقہ مقدمہ بازی کی رنجش پر مبینہ طور پر مخالفین کی اندھا دھند فائرنگ سے ہرل برادری کا نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ کھچی والا نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق کھچی والا کے نواحی گاو?ں چک نمبر 171 سیون آر کا رہائشی نوجوان ظل حسین ہرل اپنے رقبے سے گھر واپس آرہا تھا کہ مبینہ طور پر سابقہ مقدمہ بازی کی رنجش پر اس کے اپنے ہی رشتے داروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کھچی والا کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول کی لاش کو رورل ہیلتھ سینٹر کھچی والا منتقل کردیا، جہاں سے بعدازاں پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال فورٹ عباس منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے ورثا کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔