گورنر راج پر مولانا کو اپنے انداز میں بات کرنی چاہیے، پختونوں سے منسلک کرنا قومی یکجہتی کیلئے بہتر نہیں
مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کے بیان کا جو حوالہ دیا اس وقت اور حالات تھے:نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان کا غصہ وقت کے ساتھ نارمل ہوجائے گا ، مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کے بیان کا جو حوالہ دیا اس وقت اور حالات تھے، اس وقت جو حالات تھے اس میں باجوہ اور فیض ذاتی طور پر ملوث تھے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اس وقت ان کی نشاندہی کی تھی، نواز شریف نے اس وقت انہیں کہا تھا کہ آپ کو ان چیزوں میں نہیں پڑنا چاہیے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج پر مولانا کو اپنے انداز میں بات کرنی چاہیے، معاملے کو پختونوں سے منسلک کرنا بنیادی قومی یکجہتی کیلئے بہتر نہیں، میرا خیال ہے ان دنوں مولانا فضل الرحمان کا غصہ زیادہ ہے، مولانا فضل الرحمان کا غصہ وقت کے ساتھ نارمل ہوجائے گا۔صحافی نے رانا ثنا اللہ سے سوال کیا کہ محسن نقوی کہتے ہیں ایک جماعت کے سربراہ حصہ نہ ملنے پر ناراض ہیں کیا کہیں گے؟ ۔جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہماری اسی دوران ایک میٹنگ ہوئی تھی، ملاقات میں ایاز صادق، طارق فضل چوہدری اور میں بھی تھا، اس کے بعد ایک اور ملاقات وزیراعظم کے ساتھ بھی ہوئی تھی، ان ملاقاتوں میں مولانا فضل الرحمان نے اس طرح کی کوئی بات نہیں کی۔