پنجاب کابینہ نے صنعتی ترقی او رایکسپورٹ پروگرام سکیم کے فیچرز کی منظوری دیدی

 پیوٹ پروگرام کے ذریعے پ 1995 ارب کی سرمایہ کاری ، 1089 ارب حکومتی اور 906 ارب پرائیویٹ سرمایہ کاری متوقع ، ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد کیلئے روزگار ہوگا
 پیوٹ میں  انڈسٹری کی سہولت کاری اور کلسٹر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ،ای بز، ای کامرس، گارمنٹس ، پلگ اینڈ پلے، لیدر اینڈ فٹ ویئر، سپورٹس گڈز کی ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن شامل 
 پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی پر ٹریفک جرمانوں میں ترامیم کی منظوری، اوور سپیڈ ، اوور لوڈنگ، پیدل کراسنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں کئی گنا اضافہ 
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردوںکیخلاف کارروائی میں جام شہادت نوش کرنیوالے افسروںاور جوانوں کے درجات کی بلندی کی دعاکی۔ اجلاس میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی خوشدامن کے ایصال ثواب کیلئے دعا ئے مغفرت بھی کی گئی۔ صوبائی کابینہ نے صنعتی ترقی او رایکسپورٹ پروگرام سکیم کے فیچرز کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے پنجاب میں پیوٹ پروگرام پیش کیا۔ پیوٹ پروگرام میں انڈسٹریل انفراسٹرکچر اور کلسٹرڈویلپمنٹ ، مسابقتی ایکسپورٹ ، ویلیو چین ٹرانسفارمیشن ، زراعت اور لائیوسٹاک میں ای میکانائزیشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کوشامل کیا گیا ہے‘ پیوٹ پروگرام کے ذریعے پنجاب میں 1995 بلین کی سرمایہ کاری جس میں 1089 ارب حکومتی اور 906 ارب پرائیویٹ سرمایہ کاری متوقع ہے۔ پیوٹ پروگرام سے ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اجلاس کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پیوٹ میں موجودہ انڈسٹری کی سہولت کاری اور کلسٹر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ،ای بز، ای کامرس، گارمنٹس ، پلگ اینڈ پلے، لیدر اینڈ فٹ ویئر، سپورٹس گڈز کی ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن شامل کی گئی ہے۔ کٹلری اور ہاتھ سے بنے ٹول کے ساتھ سرامک، فین انڈسٹری کے لئے میٹریل ٹیسٹنگ لیب بھی پیوٹ پروگرام میں شامل کی گئی جبکہ ہارٹی کلچر اور فلوری کلچر کیلئے ایکسپورٹ فنانسنگ بھی کی جائے گی۔سٹررس آلو اور مینگو ویلیو ایڈیشن ، ٹورازم اور ایکوا فارمنگ بھی پیوٹ کا حصہ ہوں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سرگودھا، خانیوال ، اوکاڑہ اور بھکرمیں ایگریکلچر پراسیسنگ پارک بنیں گے۔ ویٹ ویلیو انہانسمنٹ ، میٹ اور ملک ویلیو چین ، ڈومیسٹک اور گلوبل ضروریات کیلئے سکلڈ ڈویلپمنٹ بھی پیوٹ میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں 20 اضلاع میں ہارٹی کلچر اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں طبی آلات کو فنکشنل کرنے کیلئے درکار واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا۔ صوبائی کابینہ نے سپیشل ہیلتھ کیٔر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ضروری واجبات کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی پر ٹریفک جرمانوں میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوور سپیڈنگ ، اوور لوڈنگ، پیدل کراسنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اپنی چھت ،اپنا گھر پروگرام کی منظوری دی گئی جس کے تحت 60 ارب روپے سے بینک آف پنجاب40 ہزار لون دے گا۔ اجلاس میںوزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت،اپنا گھر میں سٹیمپ ڈیوٹی کی تجویز مسترد کر دی۔ صوبائی کابینہ نے گلگت بلتستان کو چھ کلینک آن ویلز گاڑیاں عطیہ کرنے کی منظور ی دے دی۔ حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کو 15 کلینک آن ویلز گاڑیاں عطیہ کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایجنسی کی 219 ؍3704آسامیوں پر بھرتی کیلئے پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی میں 17خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔ گلوبل انویسٹمنٹ گیٹ وے آف پنجاب ونگ کے تحت بھرتیوں کیلئے سپیشل ریکورٹمنٹ کمیٹی بنانے کی منظوری دی گئی