نجکاری میں چار کمپنیوں کی دلچسپی ہے اور حکومت سے شرائط میں نرمی کی درخواست کی گئی ہے
اسلام آباد(آئی این پی )قومی ائیرلائن ( پی آئی اے) کی نجکاری آئندہ ماہ کے آغاز پر حتمی مراحل تک پہنچنے کا امکان ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری میں عارف حبیب لمیٹڈ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی، ایئر بلیو اور لکی گروپ امیدوار ہیں۔پی آئی اے کی نجکاری میں چار کمپنیوں کی دلچسپی ہے اور حکومت سے شرائط میں نرمی کی درخواست کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا، طیاروں سے قومی پرچم نہیں ہٹایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی ملکیت پاکستانی شہریوں کے پاس ہی رہے گی، کسی غیر ملکی فرد، ادارے کو بطور اکثریتی شیئر ہولڈر نیلامی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل نجکاری کمیشن بورڈ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کیلئے 4 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کر لیا تھا جبکہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے روزویلٹ ہوٹل کے لین دین کے ڈھانچے کی منظوری دی تھی۔