لاہور(نیٹ نیوز)یہ راز درحقیقت بہت سادہ ہوتا ہے اور آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے۔امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ شریک حیات سے اچھے تعلق کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ اس کے مشکل وقت میں کس حد تک اس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔یعنی شریک حیات کو نظر انداز کرنے یا اس کی بات سننے سے گریز کرنے کی بجائے جو جوڑے ایک دوسرے کے احساسات کو سمجھتے اور اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں، ان کا باہمی تعلق مضبوط ہوتا ہے۔اس کے مقابلے جو افراد مسائل کو نظر انداز کرتے ہیں، ایسے جوڑوں میں لڑائی جھگڑے یا رشتے میں سرد مہری یا لاتعلقی کافی عام ہوتی ہے۔محققین نے بتایا کہ شوہر یا بیوی میں سے کسی ایک کی جانب سے دوسرے کے احساسات کو نظر انداز کرنا باہمی تعلق کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یقیناً جب آپ اپنی بیوی یا شوہر کو مشکل وقت میں نظر انداز کرتے ہیں، تو اس کی جذباتی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔اس تحقیق کے لیے محققین نے ایک ریاضیاتی ماڈل تیار کیا جو دہائیوں تک ہونے والے تحقیقی کام پر مبنی تھا۔تحقیق کے مطابق کسی جوڑے کے درمیان سب سے صحت مند تعلق تب ہوتا ہے جب دونوں ایک دوسرے کے احساسات کو سمجھ کر ردعمل ظاہر کرتے ہیں، چاہے حالات کتنے بھی مشکل کیوں نہ ہوں۔اس کے مقابلے میں اگر تعلق ٹھیک نہیں، تو باہمی جھگڑے بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں جس کے دوران دونوں مثبت اور منفی احساسات کو کھلے عام بیان کرتے ہیں۔اس تحقیق کے نتائج جرنل پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی اے میں شائع ہوئے۔اس سے قبل مئی 2024 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ زبان کو درست انداز سے استعمال کرنا جوڑوں کے باہمی تعلق کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ایک دوسرے سے خوش جوڑوں میں بھی لڑائی ہو جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جھگڑے کے موقع جس طرح آپ بحث یا زبان کا استعمال کرتے ہیں، وہ رشتے کے لیے آپ کے اندازے سے زیادہ اہم عنصر ہے۔ماہرین کے مطابق شادی کی کامیابی کا راز شریک حیات کی ان خامیوں پر خاموشی میں چھپا ہے جو آپ کو پسند نہیں ہوتیں اور اگر ان پر بات کرنا بھی چاہتے ہیں تو نرمی اور احترام سے کریں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انسان یا رشتہ مثالی نہیں ہوتا اور لڑنا جھگڑنا انسانی فطرت کا حصہ ہے، تو رشتے کو کامیاب بنانے کے لیے غلطیوں کو نظر انداز کرنا، شخصی خوبیوں اور خامیوں کو قبول کرنا ضروری ہے۔