لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP) کا عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈی آئی جی صادق علی ڈوگر اور ایس پی عائشہ بٹ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے دونوں افسران کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور تعریفی لیٹرز سے نوازا۔ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے شعبے میں عالمی اعزازات حاصل کرنے والے پولیس افسران پنجاب پولیس کا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ ایس پی عائشہ بٹ کی کامیابی پاکستانی پولیس افسران، بالخصوص خواتین افسران کے لیے باعثِ تقلید ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی آئی جی صادق علی ڈوگر کو بطور سی پی او ملتان بہترین کارکردگی اور خدمات پر عالمی ایوارڈ دیا گیا، جبکہ ایس پی عائشہ بٹ کو بطور سی ٹی او گوجرانوالہ ٹریفک سیفٹی پولیسنگ اور عوام و پولیس کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں امیدواروں میں سے نمایاں کارکردگی، تعمیر و ترقی اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل پولیس افسران کا انتخاب کرتی ہے۔ اس عالمی تنظیم کے 34 ہزار سے زائد پولیس افسران رکن ہیں۔