ممبئی (آئی این پی)برطانیہ کے شہزادے پرنس ولیم ان دنوں اپنے دورہ بھارت پر ہیں، جہاں انہوں نے ممبئی میں دھرما پروڈکشنز کے دفتر کا دورہ کیا۔اس موقع پر فلمساز کرن جوہر، کرینہ کپور خان اور معروف اداکار سیف علی خان نے برطانوی شاہی مہمان کا شاندار استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران فلموں، ثقافتی تبادلے اور کرکٹ پر ہلکی پھلکی گفتگو کے ساتھ ساتھ سیف علی خان کے خاندانی شاہی پس منظر کا تذکرہ بھی زیرِ بحث آیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے جب سیف علی خان سے پوچھا گیا کہ کیا پرنس ولیم کے ساتھ گفتگو میں ان کے شاہی پس منظر کا ذکر ہوا تو اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اس کا ذکر کیا تھا، لیکن میں نے فورا واضح کر دیا کہ بھارت میں اب کوئی شاہی نظام باقی نہیں رہا اور ملک اس سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے۔سیف نے بتایا کہ پرنس ولیم کے ساتھ ان کے والد اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور یہ کہ انہوں نے برطانیہ اور بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے اپنے تجربات کا تذکرہ کیا۔