کراچی (آئی این پی) سینئر اداکار عدنان صدیقی نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے مرحوم لیجنڈ اداکار طلعت حسین کو خراجِ عقیدت پیش کر دیا۔فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے طلعت حسین کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی ٹیلی ویژن کے سنہری دور کو یاد کیا اور ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ میں مرحوم لیجنڈری اداکار کی خدمات کو سراہا۔عدنان صدیقی نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ مجھے یاد نہیں کہ یہ تصویر کہاں کھینچی گئی تھی لیکن مقام کی اہمیت زیادہ نہیں، کیونکہ اس تصویر کو خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ مجھے نامور اداکار طلعت حسین کے ساتھ ایک ہی فریم میں آنے کا موقع ملا۔ عدنان صدیقی نے کہا کہ ہماری نسل کے اداکار خوش قسمت ہیں کہ انہیں پاکستان کے چند بہترین ہدایت کاروں، اداکاروں اور مصنفین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔