پی ٹی آئی والے اس بار اٹھائے گئے تو پتا نہیں چلے گا کہاں گئے:محمد زبیر

احتجاج زیادہ لمبانہیں چلے گا،جو رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی اس سے خبریں بنا کر امریکا پہنچانے میں کامیاب ہوگی
کراچی(آئی این پی )سابق گورنر سندھ محمدزبیر نے کہا ہے کہ اس مرتبہ اگر کوئی پی ٹی آئی کارکن اٹھایا گیا تو 2،3ماہ اس کے گھر والوں کو یہ بھی پتا نہیں چلے گا کہ وہ کہاں ہیں؟۔ میڈیاچینلزکو دئیے گئے انٹرویو میں محمد زبیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا احتجاج زیادہ لمبا نہیں چلے گا، تحریک انصاف کی حکمت عملی ہے کہ دبائو بنا کر رکھا جائے تاہم حکومت کسی نہ کسی طرح اپنے آپ کو بچا لے گی، لیکن اس کیلئے پورے پاکستان خاص طور پر پنجاب میں جو رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی اس سے خبریں بنا کر امریکا میں پہنچانے میں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ دو تین دن سے زیادہ دھرنا دینا آسان کام نہیں ہے، جو لوگ آئیں گے انہیں کہاں ٹھہرائیں گے کیا بندوبست کریں گے۔ سابق گورنر کا کہنا تھا کہ احتجاج کو کم از کم جزوی کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی کو اپنے ورکرز نکالنے ہیں اور ورکرز کافی تھک چکے ہیں۔سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے حسن نواز کی کمپنی کے دیوالیہ ہونے پر کہا کہ اپنا کاروبار درست نہ چلانے والے ملک کیسے چلائیں گے، پیغام اچھا نہیں جارہا، حسن نواز کا دیوالیہ ہونا یقینا شریف خاندان کے لیے نقصان دہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی طور پر الگ سیاسی طور پر بھی شریف خاندان کو اس کا نقصان ہوگا دیکھنا یہ ہے کہ تحریک انصاف اب اس خبر کو کیسے استعمال کرتی ہے۔