ڈونلڈ ٹرمپ کی حفاظت کے لیے روبوٹ کتا تعینات

واشنگٹن(آئی این پی) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سکیورٹی ٹیم میں ان کی حفاظت کے لیے روبوٹ کتا تعینات کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری مدت کے لیے امریکا کے صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کی سکیورٹی کے لیے منفرد نوعیت کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ٹرمپ نے اپنے حفاظتی دستے میں ایک روبوٹک کتا بھی شامل کر لیا ہے، یہ روبوٹک کتا انسانوں ہی کی طرح ریسپانس دیتا ہے، بوسٹن ڈائنامکس نامی کمپنی کا تیار کردہ یہ ہائی ٹیک روبوٹک کتا ڈونلڈ ٹرمپ کی مار اے لاگو اسٹیٹ کی حفاظت کے لیے رکھا گیا ہے۔اس روبوٹ کتے کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا کے پام بیچ میں مار اے لاگو ریزورٹ کے اطراف میں گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، پھرتی، متعدد کیمروں اور تھرمل سینسرز سے لیس اس کتے کی قیمت 75 ہزار ڈالرز یا 2 کروڑ روپے ہے۔اس کتے کا نام سپاٹ ہے، یہ روبوٹ کتا اوپر اور نیچے سیڑھیاں چل سکتا ہے، خود کو تنگ جگہوں میں سکیڑ کر نکال سکتا ہے، اور دروازے بھی کھول سکتا ہے، یہ کئی سکیورٹی کیمروں سے لیس ہے اور اپنے ارد گرد کے تھری ڈی نقشے بنا سکتا ہے۔