24 نومبر کو بالکل اسی جذبے کے ساتھ باہر نکلیں جیسے آپ تمام چیلنجز کے باوجود آٹھ فروری کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لئے نکلے تھے‘پابندیو ں کا مقصد ہماری آوازکو دبانا ہے
ہم ملک کی خاطر ہمیشہ بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن ہم نے نگران حکومت کے ساتھ جب مذاکرات کی بات کی تو انہوں نے فاشزم اور ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ڈال کر اس کا جواب دیا
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے پوری قوم کی ذمہ داری ہے وہ جبر کے خلاف باہر نکلے‘ ایکس اکائونٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا 24 نومبر کو بالکل اسی جذبے کے ساتھ باہر نکلیں جیسے آپ تمام چیلنجز کے باوجود آٹھ فروری کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے نکلے تھے۔ہمارے ملک میں جمہوریت کے تمام اساسی عناصر قانون کی حکمرانی، شفاف انتخابات اور آزادی اظہار معطل کر دیے گئے ہیں۔ میڈیا سخت سنسر شپ کے تحت ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد پی ٹی آئی کو کچلنا اور ہماری آواز کو دبانا ہے۔’ہم ملک کی خاطر ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن ہم نے نگراں حکومت کے ساتھ جب مذاکرات کی بات کی تو انہوں نے فاشزم اور ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ڈال کر اس کا جواب دیا۔انہوں نے کہا ہر ایک اس احتجاج میں شریک ہو۔ اگر کوئی پی ٹی آئی رہنما یا ٹکٹ ہولڈر اس احتجاج میں شامل نہیں ہو سکتا تو وہ پارٹی سے الگ ہو جائے۔ اس اہم وقت میں قوم کسی قسم کا کوئی عذر قبول نہیں کرے گی۔