میں جین زی سے زیادہ ماڈرن اور ایکٹیو ہوں، عنبر خان کا دعویٰ وائرل

میں جین زی سے زیادہ ماڈرن اور ایکٹیو ہوں، عنبر خان کا دعویٰ وائرل

پاکستانی اداکارہ، میزبان اور ماڈل عنبر خان نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی شخصیت، طرزِ زندگی اور توانائی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی ہے، جس کے بعد ان کے بیانات سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ خود کو آج کی جین زی نسل سے زیادہ اپڈیٹڈ، متحرک اور پُرجوش سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ نہ صرف جدید دور کے رجحانات سے باخبر ہیں بلکہ اپنی سوچ اور طرزِ زندگی میں بھی خود کو نوجوان نسل کے برابر بلکہ بعض اوقات ان سے آگے محسوس کرتی ہیں۔عنبر خان نے گفتگو میں بتایا کہ وہ زیادہ تر انگلش فلمیں اور بین الاقوامی سیریز دیکھتی ہیں، جن سے انہوں نے نہ صرف تفریح حاصل کی بلکہ زندگی اور کیریئر سے متعلق بہت کچھ سیکھا اور خود کو وقت کے ساتھ بہتر بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بچوں سے بھی اکثر یہ کہتی ہیں کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر خود کو زیادہ توانائی سے بھرپور محسوس کرتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ روزمرہ زندگی میں زیادہ ایکٹو ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ موجودہ نوجوان نسل زندگی کو ان کی طرح بھرپور انداز میں انجوائے نہیں کرتی۔اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ واکنگ اور فٹنس کو بہت اہمیت دیتی ہیں اور اگر کسی 25 سالہ لڑکی سے مقابلہ ہو تو وہ دوڑ میں بھی بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔

جدید لباس اور اندازِ زندگی پر تنقید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر صرف ایک نمبر ہے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ انسان خود کو کتنے اعتماد اور اچھے انداز میں پیش کرتا ہے۔ ان کے مطابق خواتین پر غیر ضروری سماجی پابندیاں درست نہیں، ہر فرد کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے جینے کا حق حاصل ہے۔ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جہاں کچھ صارفین ان کی توانائی اور اعتماد کو سراہ رہے ہیں جبکہ کچھ اسے ایک متنازع دعویٰ قرار دے رہے ہیں۔