انوو جین نے عاطف اسلم کے ساتھ یادگار رات کا قصہ سنا دیا، ’زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک‘ قرار

انوو جین نے عاطف اسلم کے ساتھ یادگار رات کا قصہ سنا دیا، ’زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک‘ قرار

بھارتی گلوکار انوو جین نے پاکستانی میوزک اسٹار عاطف اسلم کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کا ذکر کرتے ہوئے اس تجربے کو اپنی زندگی کے بہترین اور حیران کن تجربات میں سے ایک قرار دیا ہے۔

حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انوو جین نے بتایا کہ رواں سال نیپال میں میوزک ٹور کے دوران انہیں عاطف اسلم کے ساتھ ایک ہی اسٹیج پر پرفارم کرنے کا موقع ملا، تاہم اصل سرپرائز انہیں کنسرٹ کے بعد ملا۔بھارتی گلوکار کے مطابق عاطف اسلم نے انہیں اور چند دیگر افراد کو باربی کیو ڈنر پر مدعو کیا۔ بظاہر ایک سادہ سی محفل تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے رات گئے تک جاری رہنے والے شاندار میوزک سیشن میں تبدیل ہوگئی۔انوو جین اس یادگار رات کی ایک تصویر اپریل میں سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر چکے ہیں، جس میں وہ عاطف اسلم کے ہمراہ دکھائی دیے تھے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ یہ تصویر رات تقریباً 3 بجے لی گئی تھی، جبکہ عاطف اسلم اور ان کے بینڈ نے سادہ سے باربی کیو ڈنر کو تقریباً ڈھائی گھنٹے طویل جیم سیشن میں تبدیل کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس اچانک بننے والی میوزیکل محفل سے وہاں موجود تقریباً 20 افراد نے بھرپور لطف اٹھایا۔انوو جین نے عاطف اسلم کو ’لیجنڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے سے چند قدم کے فاصلے پر بیٹھ کر گاتے دیکھنا ان کی زندگی کے ناقابلِ فراموش تجربات میں سے ایک تھا۔واضح رہے کہ انوو جین اور عاطف اسلم نے اس سے قبل نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں منعقدہ ایک میوزک کنسرٹ میں ایک ساتھ پرفارم کیا تھا، جس کے بعد یہ خصوصی میوزیکل محفل منعقد ہوئی۔