23مارچ : بجلی کی قیمت میں کمی کااعلان متوقع

متوقع8روپے کی کمی کمی یکم اپریل سے نافذ ہوگی ، صارفین کو مئی سے کم بل موصول ہونگے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)عالمی مالیاتی فنڈ سے منظوری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 23 مارچ کو بجلی کی قیمت میں 8 روپے فی یونٹ کی کمی کا اعلان متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ اور پاور ڈویژن حکام بجلی کی قیمت میں مزید 2 روپے فی یونٹ کی کمی لانے کیلئے مختلف اختیارات پر غور کر رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی جانب سے 23 مارچ کو کیے جانے والے اعلان سے پہلے حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق یہ کمی یکم اپریل 2025سے نافذ ہوگی اور صارفین کو مئی سے کم بل موصول ہونگے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 8 روپے فی یونٹ کی مجموعی کمی میں سے 4.73 روپے فی یونٹ مستقل ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔یہ تبدیلی چھ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی، سولہ آئی پی پیز کے ساتھ پاور خریداری معاہدوں میں نظرثانی کرکے ’ٹیک اینڈ پے‘ ماڈل میں تبدیل کرنے، بیگاس پاور پلانٹس کو امریکی ڈالر سے پاکستانی روپے میں منتقل کرنے اور حکومتی پاور پلانٹس کیلئے رٹارن آن ایکویٹی کو 13 فیصد تک کم کرنے کے نتیجے میں آئی ہے جس میں امریکی ڈالر کو 168 روپے پر فکس کیا گیا ہے۔حکام نے یہ بھی بتایا کہ ٹیرف میں کمی کا حساب تیل کی مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کا مقصد 8 روپے فی یونٹ کی کمی میں سے 6 روپے کی کمی کو مستقل ایڈجسٹمنٹ کے طور پر لاگو کرنا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جولائی سے بجلی کے بلوں سے 35 روپے کی پی ٹی وی فیس بھی ہٹائے جانے کا امکان ہے۔آئندہ مالی سال 2026ء کے بجٹ میں حکومت پی ٹی وی کو عملی طور پر چلانے کیلئے فنڈز مختص کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔