حافظ حسین احمد انتقال کرگئے

جے یو آئی رہنماطویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن رہے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے رہنماحافظ حسین احمد قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ حافظ حسین احمد تحریک بحالیِ جمہوریت ایم آر ڈی کے دوران جمعیت علما اسلام کی صفوں سے ابھر کر آگے آئے تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 64 سال تھی۔وہ جمعیت علما اسلام کے پالیسی ساز اور نظریہ ساز عمائدین میںسر فہرست تھے۔ جمعیت کی سیاست میں انہیں ایک ستون کی حیثیت حاصل تھی۔حافظ حسین احمد مرحوم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن رہے اور اپنی پارٹی کی ہدایت پر دیگر پارلیمانی ذمہ داریاں بھی ادا کرتے رہے۔حافظ حسین احمد کو جمعیت علما اسلام کے ترجمان کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع ملا تو انہوں نے برجستہ طرزِ گفتگو سے سیاسی پارٹی کے بیانیے کو مقبولِ عام بنانے کی نئی راہیں تلاش کیں۔ حافظ حسین احمد گذشتہ کئی سالوں سے شدید علیل تھے۔