متحدہ کی حکومت سے الگ ہونیکی دھمکی

 ڈیڑھ سال سے حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، پیکیج سمیت دیگر معاملات پر تحفظات ہیں،امین الحق 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی، مشاورت کیلئے رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلا لیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کا کہنا ہے کہ شہباز شریف حکومت نے ایم کیو ایم کے ساتھ سندھ اور حیدرآباد کے پیکج پر وعدہ کیا تھا، ترقیاتی پیکج پر کہیں کام ہوتا نظر نہیں آرہا۔امین الحق نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے حکومت نے ایم کیو ایم سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، کراچی اور حیدرآباد پیکیج سمیت دیگر معاملات پر تحفظات ہیں۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ مرکزی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے تاکہ فیصلہ کریں آزاد حیثیت میں یا اپوزیشن بینچز پر بیٹھیں۔علاوہ ازیں ایک تقریب سے خطاب میں ایم کیو ایم پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم نے غیر سنجیدہ رویہ کی وجہ سے پچھلی حکومت کو بھی چھوڑ دیا تھا، نظام ہمیں قبول نہیں کر پا رہا کیوں کہ اس جیسے نہیں بن پا رہے، دھمکی اور چیلنج دینے کا الٹی میٹم استعمال نہیں کیا اور اب حتمی فیصلے کا وقت آرہا ہے۔