لاہور میں سورج کی تپش میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ موسم آج گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فضا میں حبس بھی بڑھتا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
موسمی ماہرین کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دن کے اوقات میں شدید دھوپ اور بلند الٹرا وائلٹ (یو وی) انڈیکس شہریوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جس کے دوپہر میں 11 تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو ماہرین کے مطابق خطرناک سطح ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے وقت بارش کے امکانات صرف 5 فیصد ہیں، تاہم دوپہر یا شام کے اوقات میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ ہواؤں کی رفتار تقریباً 10 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رات کے اوقات میں بارش کے امکانات نسبتاً زیادہ ہیں، جبکہ آئندہ دو روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ پیر کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں جب یو وی لیول انتہائی خطرناک سطح تک پہنچ سکتا ہے۔