حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے بڑھائے ہیں:احمد خان بھچر

لاہور(آئی این پی ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ حکومت نے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے بڑھائے ہیں جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔جمعرات کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کی اور تعلیم، خواتین کے حقوق اور معاشی پالیسیوں کو ہدف بنایا۔ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ رواں سال 49 ہزار اسکولوں میں سے 25 ہزار کو آئوٹ سورس کیا گیا جس سے درجہ چہارم کے ملازمین اور اساتذہ بے روزگار ہوئے۔اپوزیشن لیڈر  نے کہا کہ 33 فیصد بچے پہلے ہی اسکولوں سے باہر ہیں اور حکومت مزید اسکول آئوٹ سورس کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ایک سالہ دور میں 70 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہوئے جبکہ وہ دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کا خواب ہے کہ کوئی بچہ اسکول سے باہر نہ رہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت خواتین کو اپنی "ریڈ لائن" قرار دیتی ہے مگر اس کے باوجود خواتین کی سب سے زیادہ تذلیل اسی دور میں ہوئی۔انہوں نے کہا  کہ خواتین کے لیے بجٹ میں صرف ایک ارب 44 کروڑ روپے مختص کیے گئے یعنی فی خاتون صرف 8 روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے طنزاً کہا کہ ایک خاتون وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے خواتین کے ساتھ یہ سلوک شرمناک ہے۔