لاہور: ٹک ٹاکر علی حیدر آبادی نے اپنی اہلیہ کی میڈیکل رپورٹ کو لاہور کی ضلع کچہری میں چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ شفاف اور غیر جانبدار طبی معائنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست علی حیدر آبادی نے اپنے وکیل، سابق صدر لاہور بار رانا انتظار حسین، کے ذریعے جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ میڈیکل رپورٹ میں درج حقائق درست نہیں ہیں۔درخواست کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں ان کی اہلیہ کی انگلی کے فریکچر کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ ان کی اہلیہ کی انگلی ٹوٹی ہی نہیں۔ اس بنیاد پر موجودہ میڈیکل رپورٹ کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ خاتون کا دوبارہ غیر جانبدار میڈیکل بورڈ سے طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔درخواست پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عادل انیس نے کی، جنہوں نے علی حیدر آبادی کے وکیل کو آج دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کر لیا ہے۔عدالت میں آئندہ سماعت کے دوران درخواست گزار کے دلائل سنے جائیں گے، جس کے بعد عدالت دوبارہ میڈیکل معائنے کی درخواست پر فیصلہ کرے گی۔