سوشانت سنگھ راجپوت کے اہل خانہ نے سی بی آئی کی موت سے متعلق کلوزر رپورٹ کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ سی بی آئی کی جاری کردہ رپورٹ ‘نامکمل اور گمراہ کن’ ہے۔ مارچ 2025 میں سی بی آئی نے اپنی رپورٹ میں نتیجہ اخذ کیا تھا کہ سوشانت کی موت خودکشی تھی، اور ان کی سابقہ ساتھی ریا چکرورتی یا ان کے خاندان کے خلاف کسی قسم کے جرم، اکسانے یا مالی بدعنوانی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔رپورٹ کے مطابق، سوشانت 8 سے 14 جون 2020 کے دوران اپنے باندرہ والے فلیٹ میں اکیلے تھے، اور اس دوران ریا یا ان کے بھائی شووِک ان سے نہیں ملے۔ تاہم، اہل خانہ کا موقف ہے کہ تفتیش شفاف نہیں تھی، اور تمام شواہد، جیسے چیٹس، تکنیکی ڈیٹا، گواہوں کے بیانات اور طبی ریکارڈز جمع نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ بینک اسٹیٹمنٹس اور ڈیجیٹل ریکارڈز بھی شامل نہیں کیے گئے۔
اہل خانہ نے 20 دسمبر کو پٹنہ کی عدالت میں رپورٹ کے خلاف احتجاجی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی 2020 میں باندرہ کے فلیٹ سے لاش برآمد ہوئی تھی، اور ان کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ ان کا بیٹا خودکشی نہیں کرسکتا بلکہ اسے سازش کے تحت قتل کیا گیا ہے۔