سستی اور عدم دلچسپی پر متعدد انچارجز کو وارننگ

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے ترجمان کے مطابق انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں کرائم میٹنگ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان، مسلم ٹاؤن سرکل کے انچارجز اور ریڈرز نے شرکت کی میٹنگ کے دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے زیر التواء￿  اور پینڈنگ مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیر التواء کیسز کے چالان جلد از جلد مکمل کر کے عدالتوں میں جمع کروائے جائیں۔ایس ایس پی محمد نوید نے ناقص کارکردگی، سستی اور عدم دلچسپی پر متعدد انچارجز کو وارننگ جاری کی اور واضح کیا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے افسران کو اپنے متعلقہ تھانوں کا ریکارڈ پولکام سسٹم کے مطابق اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی سخت ہدایات جاری کیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے مقدمات میں شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کیے جائیں تاکہ گنہگاروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کی شکایات، مشکلات اور ان کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے اور تمام افسران مظلوم شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔