لاہور پولیس کے 400سرچ آپریشن

13 ہزار سے زائد گھروں اور 5 ہزار سے زائد کرایہ داروں کی چیکنگ، 70 افراد کے خلاف قانونی کارروائی
 لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں قیامِ امن کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ماہِ جنوری میں اب تک 400 سے زائد سرچ آپریشنز کیے جا چکے ہیں۔ان آپریشنز کے دوران 13 ہزار سے زائد گھروں اور 5 ہزار سے زائد کرایہ داروں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 39 ہزار سے زائد افراد کی شناختی تصدیق اور جانچ پڑتال عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ 181 دکانیں، 79 ہوٹلز، 35 گیسٹ ہاؤسز، 12 سرائے اور 16 گودام بھی چیک کیے گئے۔ترجمان کے مطابق مختلف خلاف ورزیوں پر 70 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ سرچ آپریشنز کے دوران 24 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر 11 مقدمات درج کیے گئے۔ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 18 مقدمات درج ہوئے جبکہ 55/109 ضابطہ فوجداری کے تحت 8 افراد کو حراست میں لیا گیاسی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور افسران و جوان اپنے اپنے علاقوں میں متحرک رہتے ہوئے فرائض انجام دیں۔سی سی پی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔