پی آئی اے پرواز کی لاہور ایئرپورٹ پر غلط رن وے پر لینڈنگ کی تحقیقات شروع

 کراچی(آئی این پی) پی آئی اے کی دمام سے ملتان جانے والی پرواز کی لاہور ایئرپورٹ پر غلط رن وے پر لینڈنگ کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی کے 150 کے کپتان نے طیارے کو غلط رن وے پر اتارا تھا، بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن کی ہدایت پر پائلٹ اور فرسٹ افسر کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کپتان نے اے ٹی سی کنٹرولر کی ہدایت کو بھی نظر انداز کر دیا تھا، اور طیارہ ایک ناٹیکل میل دوری پر بھی اصل رن وے سے دوسرے رن وے پر جا رہا تھا، ان سب کے باوجود پی آئی اے کے طیارے کے کپتان نے بتائے گئے رن وے کی جگہ طیارہ دوسرے رن وے نمبر 36 ایل پر اتار دیا۔رپورٹ کے مطابق طیارے کے کپتان کو اے ٹی سی نے رن وے نمبر 36 آر پر لینڈ کرنے کی ہدایت کی تھی، اس غفلت کے سبب بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن کی ہدایت پر کپتان اور فرسٹ افسر کے یورین سیمپل سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔سی اے اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے کپتان اور فرسٹ افسر نے مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈال دی تھی۔