مراکش میں جنسی زیادتی کے الزام میں قید برطانوی ایتھلیٹکس کوچ کی غیرعلانیہ گرفتاری کا انکشاف

مراکش میں جنسی زیادتی کے الزام میں قید برطانوی ایتھلیٹکس کوچ کی غیرعلانیہ گرفتاری کا انکشاف

 برطانوی ایتھلیٹکس کے سابق گولڈ میڈلسٹ اور کوچ لیون بپٹسٹ مراکش میں نابالغ سے جنسی زیادتی کے جرم میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، 41 سالہ بپٹسٹ مئی سے منظرعام سے غائب تھے اور حال ہی میں ان کے لاپتہ ہونے کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔ بپٹسٹ 2010 کے کامن ویلتھ گیمز میں 200 میٹر کے طلائی تمغہ جیتنے والے ہیں اور گزشتہ عرصے میں برطانیہ کے کئی نمایاں اسپرنٹرز کو کوچنگ فراہم کر رہے تھے۔ مئی میں انہوں نے اپنے زیرِ تربیت ایتھلیٹس کو مختصر پیغام بھیجا کہ وہ کچھ عرصے تک ٹریننگ سے دور رہیں گے، مگر کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ مراکشی وزارتِ انصاف کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بپٹسٹ کو مئی میں مراکش میں گرفتار کیا گیا تھا جہاں عدالت نے انہیں جرم ثابت ہونے پر ابتدائی طور پر 10 ماہ قید سنائی، جسے اپیل کے بعد کم کرکے آٹھ ماہ کر دیا گیا ہے۔ مراکشی حکام کے مطابق، بپٹسٹ کی گمشدگی کی اطلاعات درست نہیں تھیں اور وہ حکام کی تحویل میں تھے، اور ان کی صحت بھی بہتر قرار دی گئی ہے۔ دوسری طرف، بپٹسٹ کی غیرحاضری سے برطانوی اسپورٹس کمیونٹی میں تشویش پائی جا رہی ہے، اور ان کی جگہ بعض ایتھلیٹس کو عارضی طور پر متبادل کوچز کی مدد لینی پڑی ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ مراکش میں زیرحراست برطانوی شہری کو قونصلر معاونت فراہم کر رہا ہے۔