سعدیہ امام کا ساتھی مرد اداکاروں کی جانب سے دھوکے دیئے جانے کا انکشاف

کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ اور میزبان سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کے دوران مجھے کئی مرتبہ قریبی مرد ساتھیوں اور دوستوں کی جانب سے دھوکا دینے اور نظر انداز کیے جانے کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک پروگرام کے دوران اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے سعدیہ امام نے کہا کہ جب میں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو اس وقت خواتین اداکارائوں کی تعداد بہت کم تھی، انڈسٹری میں زیادہ تر یا تو بہت سینئر اداکارائیں تھیں یا پھر بالکل نئی اور جونیئر اداکارائیں، جبکہ میری ہم عمر اور ہم پلہ خواتین فنکار بہت کم تھیں۔سعدیہ امام نے بتایا کہ اس وقت میرے زیادہ تر ساتھی مرد تھے اور مجھے انہی میں سے بعض قریبی دوستوں کی جانب سے دھوکا ملا، چند مواقع پر ساتھیوں نے مجھے پیٹھ پیچھے نقصان پہنچایا اور میرے خلاف باتیں کیں۔سعدیہ امام نے انکشاف کیا کہ کئی مرتبہ میں نے اپنے مرد ساتھیوں کو مجھ سے متعلق بات کرتے ہوئے خود سنا، بعض لوگ کہتے تھے کہ سعدیہ امام کو کاسٹ نہ کیا جائے کیونکہ وہ پارٹی گرل نہیں ہیں اور شوٹنگ کے دوران زیادہ گھلتی ملتی نہیں۔ سعدیہ کے مطابق وقت کے ساتھ میں نے ان تجربات سے بہت کچھ سیکھا ۔