وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے دورے کے دوران کارساز کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار اور اسمبلنگ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی سب سے بڑی مارکیٹ بننے کا بھرپور پوٹینشل موجود ہے اور صوبہ الیکٹرک گاڑیوں کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کے لیے آئیڈیل جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور اسٹیٹ آف دی آرٹ وہیکل ٹیسٹنگ لیب کے لیے کسی بھی قسم کے اشتراک کا خیر مقدم کریں گے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ہائی اسپیڈ ٹرین سے پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہوگا اور گلاس ٹرین پراجیکٹ سیاحت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔اس سے قبل، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے جاپانی ادارے جیٹرو کے نمائندے سے ملاقات کی اور انہیں اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے مینوفیکچرنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔
دورہ کے دوران مریم نواز نے سینٹر فار گلوبل ہیلتھ اسپتال کا بھی وزٹ کیا، جہاں انہیں شوگر، جگر اور متعدی امراض کے جاپانی طریقۂ علاج پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ نے جاپان کے ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم اور ہیلتھ انشورنس کے طریقۂ کار کو پنجاب میں نافذ کرنے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔ماہرین کے مطابق وزیر اعلیٰ کے اس دورے سے نہ صرف پنجاب میں صنعتی اور ٹیکنالوجیکل ترقی کے مواقع بڑھیں گے بلکہ صحت اور سیاحت کے شعبوں میں بھی جدید طریقۂ کار متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔