پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو نہ صرف کلاؤڈ برسٹ کی وجوہات کا تعین کرے گی بلکہ صوبے میں بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں پر بھی جامع رپورٹ مرتب کرے گی۔ذرائع کے مطابق یہ ٹیم وفاقی وزارت ماحولیات، اسپارکو اور پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ ٹیم بونیر، صوابی اور دیگر متاثرہ اضلاع کے موسم اور جغرافیائی حالات کا موازنہ صوبے کے دیگر علاقوں سے کرے گی۔ اس دوران گزشتہ 20 سالوں کے موسمی ریکارڈز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کی بنیادی وجوہات سامنے آسکیں۔
تحقیقاتی رپورٹ میں ان اقدامات کی نشاندہی بھی کی جائے گی جن کے ذریعے مستقبل میں اس طرح کی آفات سے عوام اور علاقوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔سیکریٹری محکمہ جنگلات شاہد زمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی بڑی وجہ ترقی یافتہ ممالک کی انڈسٹریز ہیں، جو بڑی مقدار میں گرین ہاؤس گیسز خارج کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "کلائمیٹ چینج کے اثرات کم کرنے کے لیے صوبائی حکومت شجرکاری پر توجہ دے رہی ہے تاکہ گرین گیسز کے منفی اثرات سے عوام کو بچایا جا سکے۔"