شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا۔
تفصیلات کے مطابق موسم کی خرابی اور بارش کے باعث ایئرپورٹ پر عملے کو ڈیوٹی پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آپریٹ ہونے والی کئی اندرون ملک پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔قومی ایئر لائن نے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 300 اور اسلام آباد سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 301 پہلے ہی منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب کراچی سے رات کے وقت بین الاقوامی پروازیں تو آپریٹ ہوئیں، تاہم بارش کے باعث ٹریفک جام اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے سیکڑوں مسافر ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے اور اپنی پروازیں مس کر بیٹھے۔بارش کے بعد شہر میں نظام زندگی کی بحالی کے لیے ریسکیو اور میونسپل اداروں کی ٹیمیں سڑکوں سے پانی نکالنے اور نکاسی آب کے اقدامات میں مصروف ہیں، تاہم شہریوں کو اب بھی مشکلات کا سامنا ہے۔